ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں صدر رجب طیب ایردوان کو حزبِ اختلاف کے امیدوار کمال کلیچ دار اولو پر برتری حاصل ہے لیکن اب تک کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کر سکا ہے جس کے نتیجےمیں پہلے دو امیدواروں کے درمیان ایک مرتبہ پھر انتخابی معرکہ متوقع ہے۔
اتوار کو ہونے والی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک 98 فی صد سے زائد ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق رجب طیب ایردوان نے 49 اعشاریہ تین نو فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں جب کہ ان کے مدِ مقابل کمال کلیچ دار اولو نے 44 اعشاریہ نو دو فی صد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
اگر کوئی بھی امیدوار 50 فی صد ووٹ حاصل نہیں کرتا تو اس صورت میں اول اور دوم پوزیشن پر آنے والے امیدواروں کے درمیان 28 مئی کو ووٹنگ کا اگلا راؤنڈ ہو گا۔
ترکیہ کے انتخابات میں تیسرے نمبر پر آنے والے صدارتی امیدوار سینان اوگن ہیں جو اب تک پانچ اعشاریہ تین فی صد ووٹ حاصل کر سکے ہیں۔