بلوچستان: بارش اور طوفانی ہواؤں سے نظام زندگی متاثر

275

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں سے نظام زندگی سخت متاثر ہوگئی۔

ہرنائی، لورالائی، کوہ سلیمان رینج کے علاوہ چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ، نوشکی، زیارت، کیچ، گوادر، لسبیلہ، مکران ڈویژن میں بارش ہوئی۔ دوسری جانب سندھ بلوچستان کی دو اہم شاہراہوں کے شگاف مٹی سے بھر دیے گئے ہیں۔

لسبیلہ میں کوئٹہ ، کراچی شاہراہ، اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر پھنسی لائٹ ٹریفک کو ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

سیلابی ریلوں سے ہرنائی پنجاب شاہراہ کے مختلف مقامات پر ٹریفک معطل ہے۔

کیچ میں بارش کے بعد میرانی ڈیم بھرنے کے قریب پہنچ گیا، پانی کی سطح 243.70 فٹ ہوگئی ہے جبکہ میرانی ڈیم میں اسپل وے کی سطح 244 فٹ ہے۔

تربت سمیت کئی تحصیلوں میں کچے گھروں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

کیچ کے بیشتر علاقوں کھمبوں کی گرنے کی وجہ سے بجلی معطل ہے اور کئی روز گزرنے کے باوجود حکام نے بجلی کی بحالی کے لئے کام شروع نہیں کی ہے۔