اسرائیلی فضائی حملوں میں اسلامی جہاد کے تین کمانڈروں سمیت 12 افراد ہلاک

148

اسرائیل کی فضائیہ کی غزہ میں منگل کو بمباری کے نتیجے میں ‘اسلامی جہاد’ کے تین سینئر کمانڈروں سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

غزہ کے محکمۂ صحت کے عہدے دار کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل کی فوج نے منگل کو جاری ایک بیان میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے خلاف فضائی کارروائی کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس نے ‘اسلامی جہاد’ کے تین سینئر کمانڈروں کو نشانہ بنایا ہے۔

اسلامی جہاد نے بھی تین سینئر کمانڈروں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جن کی شناخت طارق عزالدین، جہاد غنام اور خلیل البھتینی کے نام سے ہوئی ہے۔

فلسیطنی عسکری گروپ کے سینئر رہنماؤں کی ہلاکتوں کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کے قریب رہائش پذیر اسرائیلیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جوابی حملوں کے پیشِ نظر بم شیلٹرز میں پناہ اختیار کرلیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان رواں برس جنوری سے لے کر اب تک مختلف جھڑپوں اور واقعات میں 90 سے زیادہ فلسطینی اور کم از کم 19 اسرائیلی اور غیر ملکی ہلاک ہو چکے ہیں۔