بلوچستان کے ضلع سبی و بولان سے متصل علاقے آج چوتھے روز بھی بدستور فوجی محاصرے میں ہیں، جبکہ علاقے میں موبائل سروس بھی تاحال بند ہے۔
ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ آج چوتھے روز بھی مچھ اور اس سے متصل علاقوں میں گن شپ و دیگر ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت جاری ہے جبکہ فوجی اہلکار مختلف مقامات پر ناکہ بند کرچکے ہیں۔
علاقے میں چار روز سے مواصلاتی نظام بند ہے جبکہ بعض علاقوں میں لوگوں کو خوراک کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز اہلکاروں نے آمد و رفت کے راستوں کو بند کردیا ہے جس کے باعث اشیاء خور و نوش کی قلت کے ساتھ مریضوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دو روز قبل پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا کہ مچھ میں فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر مسلح افراد کو روکنے کیلئے مختلف راستوں کو بند کیا اور 3 مسلح افراد کو ان کے ٹھکانے کی طرف بڑھتے ہوئے روکا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ روکے جانے پر مسلح افراد نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 مسلح افراد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر یہ بھی دعویٰ کیا کہ کارروائی میں ایک مسلح شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تاہم مبینہ مسلح افراد کی تاحال شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے جبکہ حکام نے فوجی آپریشن کے جاری رہنے کے حوالے سے بھی کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔