داسو ڈیم کے چینی عملے کے کیمپ میں آتشزدگی

390

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں داسو کے مقام پر واقع چینی ورکرز کے برسین کیمپ میں ریسکیو 1122 کے مطابق آگ بھڑک اٹھی ہے، جسے بجھانے کا عمل جاری ہے۔

ریسکیو 1122 اپر کوہستان کے ایک اہلکار احسان علی نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کیمپ کے ایک سٹور میں لگی، جس نے باقی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

احسان علی نے بتایا کہ ’آگ کی شدت زیادہ ہے، اسی وجہ سے اپر کوہستان کی ریسکیو ٹیم سمیت شانگلہ اور لوئر کوہستان  سے بھی ٹیموں کو بلایا گیا ہے، جو منگل کی صبح تقریباً چار بجے سے آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔‘

احسان نے مزید بتایا کہ ان کی ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے اور اب تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ ’آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی وجہ کا تعین ممکن ہو سکے گا۔‘

انہوں نے بتایا ’آگ کی شدت بہت زیادہ ہے اور کیمپ میں پھیل رہی ہے جبکہ کیمپ کے آس پاس فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو پانی کا مسئلہ بھی درپیش ہے کیونکہ اس علاقے میں پانی کی کمی کا مسئلہ ہے۔‘

برسین کیمپ میں داسو ڈیم میں کام کرنے والا عملہ رہتا ہے۔ اسی کیمپ کے عملے کی ایک بس کو جولائی 2021 میں اس وقت حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جب کیمپ سے عملے کو ڈیم سائٹ پر شفٹ کیا جا رہا تھا۔ اس واقعے میں نو چینی ورکروں سمیت 13 اموات ہوئی تھیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے واقعے کے بعد کہا تھا کہ چینی بس میں دھماکہ گیس لیک ہونے کی وجہ سے پیش آیا، تاہم چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں اس واقعے کو دھماکہ قرار دیا گیا تھا۔

داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ کوہستان کے علاقے داسو میں دریائے سندھ پر بنایا جا رہا ہے، جس سے چار ہزار 320 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہوگی۔ اس پراجیکٹ کا تعمیراتی ٹھیکہ ایک چینی کمپنی کے پاس ہے جبکہ پراجیکٹ کے کنسلٹنٹس میں ایک ترک کمپنی بھی شامل ہے۔

منصوبے پر کام 2017 میں شروع ہوا اور 2023 میں اس کے مکمل ہونے کی توقع ہے۔