بولان بارشوں سے عارضی پل بہہ گیا

439

بولان میں شدید بارشوں کے باعث پنجرہ پل کا متبادل راستہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ انتظامیہ اور این ایچ اے نے متبادل راستے کو چھوٹی گاڑیوں کے لئے جزوی طور پر بحال کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے میں بولان قومی شاہراہ این اے 65 پر گزشتہ برس سیلاب سے متاثرہ پنجرہ پل کی عارضی گزر گاہ بہہ گئی تھی جس کے بعد این ایچ اے اور انتظامیہ نے متبادل راستے کی بحالی کا کام شروع کیا جس کو اتوار کو مکمل کر لیا گیا ۔

اے سی ڈھاڈر فہد شاہ راشدی کے مطابق ضلعی انتظامیہ بولان کی امدادی ٹیموں کی جانب سے گزر گاہ کو ہنگامی طور پر ٹریفک گزرنے کے قابل بنایا گیا ہے اس وقت چھوٹی گاڑیوں کو گزارا جا رہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں پھنسی ہوئی بڑی مالبردار گاڑیوں کو پنجرہ پل سے گزارا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پھنسی ہوئی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کی روانگی کے بعد متاثرہ حصے کے کا کام مزید مکمل کیا جائے گا۔

جبکہ بی این پی مینگل کے رکن بلوچستان اسمبلی ثنا بلوچ کے مطابق پل‬ پانی کے ریلے کے باعث بہہ گیا ہے، تاحال بحال نہیں ہوا- ہزاروں کی تعداد میں بچے، بوڑھے ، بیمار پھنسے ہوئے ہیں، عوام کو ریلیف پہنچائیں –