آذربائیجان نے ایرانی سفارت خانے کے چارملازمین کو ملک بدرکردیا

167

آذربائیجان کی وزارتِ خارجہ نے باکو میں ایرانی سفارت خانے کے چارملازمین کو ناپسندیدہ شخصیات قراردے دیا ہے اورانھیں اڑتالیس گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

وزارت خارجہ نے جمعرات کوایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایران کے سفیرعباس موسوی کو طلب کیا ہے اورانھیں مطلع کیا کہ ان کے سفارت خانے کے چار افراد کوان کی سرگرمیوں کی وجہ سے ناپسندیدہ شخصیات قراردیا گیا ہے کیونکہ ان کی سرگرمیاں سفارتی حیثیت سے مطابقت نہیں رکھتیں اورسفارتی تعلقات سے متعلق 1961 کے ویانا کنونشن کے منافی ہیں۔

وزارت نے بتایا کہ ایرانی سفارت خانے کے عملہ کے ان چاروں ارکان کوآذربائیجان چھوڑنے کے لیے 48 گھنٹے کاوقت دیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے حکام نے ایرانی سفیرسے ملاقات میں آذربائیجان کے حوالے سے تہران کے حالیہ اشتعال انگیزاقدامات پربھی شدید عدم اطمینان کا اظہارکیا ہے۔