پرتگال: اسلامک سینٹر پر حملےمیں 2 خواتین ہلاک متعدد زخمی

267

پرتگال کے دارالحکومت لزبن کے ایک اسلامک سینٹر میں ایک حملہ آور نے ایک بڑے چاقو سے حملہ کرکے دو خواتین کو ہلاک کر دیا۔

اسماعیلی کمیونٹی کے رہنما ناظم احمد نے ایک ٹی وی چینل ایس آئی سی کو بتایا کہ یہ خواتین مرکز میں پرتگالی عملے کی رکن تھیں۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہل کاروں کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے سے کچھ پہلے اسماعیلی مرکز میں بلایا گیا جہاں ان کا سامنا ایک شخص سے ہوا جس کے پاس ایک بڑا چاقو تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملہ آور کو حملہ روکنے کا حکم دیا گیا تھا تاہم اس نے ہاتھ میں چاقو کے ساتھ پولیس کی طرف پیش قدمی کی۔

سنگین خطرے کا سامنا کرتے ہوئے، پولیس اہل کاروں نے اس شخص پر گولی چلادی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عہدہ داروں نے بتایا ہےکہ حملہ آور کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ پولیس کی حراست میں ہے۔

بیان کے مطابق متعدد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

وزیر اعظم انتونیو کوسٹا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ حملہ ’’مجرمانہ کاروائی‘‘ تھی۔کوسٹا نے مزید تفصیل بتائے بغیر کہا، ’’ہر چیز اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ ایک الگ تھلگ واقعہ تھا‘‘۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے بارے میں فوری طور پر کچھ نہیں کہا گیا ہے۔