پاکستان کے مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا ہے اور پہلا روزہ 23 مارچ 2023 بروز جمعرات کو ہو گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اوقاف ہال پشاور میں منعقد ہوا جبکہ اس کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور، کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ میں منعقد ہوئے۔
اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
پریس کانفرنس سے قبل مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوشش ہے کہ روزہ اور عید ایک دن ہو، پشاور میں اجلاس منعقد کرنے کا مقصد ہی ایک دن روزے کی کاوش ہے، اجلاس میں تمام متعلقہ زونل کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ اداروں کے اراکین شریک ہیں، جب بھی شہادتیں موصول ہوئیں تو اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے پشاور میں اجلاس بلایا گیا ہے، ملک بھر سے شہادتیں وصول کریں گے، اجلاس گزشتہ 4 گھنٹوں سے جاری ہے تاہم اب تک چاند نظر آنے یا نہ آنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عالم زیب نے کہا کہ پشاور میں رمضان کا چاند تقریباً 24 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے، 6 بج کر 53 منٹ سے 7 بج کر 13 منٹ تک چاند نظر آنے کا وقت ہے، پشاور میں رمضان کا چاند بادلوں کی وجہ سے نظر آنے میں مشکلات ہیں۔
دوسری جانب ماہرین کے مطابق غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 21 گھنٹے ہو گی، اگر مطلع صاف ہو تو اسے دیکھنا آسان ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان بھر میں مطلع ابر آلود ہے جس کی وجہ سے چاند دیکھنا مشکل ہوگا، تاہم چند مقامات پر آسمان صاف ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کا امکان ہو سکتا ہے۔