وزیراعلی ٰبلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد شروع کر دیاگیا ہے۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دیگر فیصلوں کی علاوہ بلوچستان میں شاہراہوں پر خاص طور سے کوئٹہ ، کراچی شاہراہ پر مسافر کوچز، بسوں اور ویگنوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت کی گئی تھی۔
مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے گاڑیوں کی رفتار کی جانچ پڑتال کے لیے ان گاڑیوں میں ٹریکرز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے ان مسافر گاڑیوں میں پیٹرول ڈیزل ودیگر آتش گیر مواد لے جانے پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
اس ضمن میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع کی انتظامیہ نے اپنے علاقوں سے گزرنے والی شاہراہوں پر مسافر گاڑیوں کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے اور تمام گاڑیوں کی رفتار چیک کی جا رہی ہے جبکہ گاڑیوں میں پیٹرول،ڈیزل یا دیگر آتش گیر مواد کی موجودگی کی نگرانی بھی کی جارہی ہے اس ضمن میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر سوراب کی ہدایت پر متعلقہ پولیس نے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی۔
اس دوران انہوں نے سی پیک زیرو پوائنٹ قومی شاہراہ پر ایک مسافر ویگن کو تیل لے جاتے ہوئے روکا اور ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور ایف آئی آر بھی درج کی گئی ڈرائیور کے پاس گاڑی کے کاغذات بھی درست نہ تھے جنہیں جعل سازی سے تبدیل کیا گیا تھا ۔
چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی جانب تمام کمشنروں ڈپٹی کمشنروں اور صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو قومی شاہراہوں پر مسافر گاڑیوں کی رفتار چیک کرنے اور غیر قانونی مواد کی نقل و حمل روکنے کے لیے موثر میکینزم مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔