بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے بلیدہ کا رہائشی وارث موسیٰ پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ
تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے سری کہن زامرانی بازار میں گذشتہ شب پاکستانی فورسز کی بڑی تعداد نے چھاپہ مارتے ہوئے الندور بلیدہ کے رہائشی وارث ولد موسیٰ کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔
لواحقین کے مطابق انہوں نے واقعہ کی اطلاع تربت پولیس کو دی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اس گرفتاری سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہے۔
لواحقین نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ وارث موسیٰ کو کس جرم میں رات گئے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے۔ انہیں بازیاب کرکے ہمیں جینے کا حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وارث موسیٰ یہاں مزدوری کرکے اپنے خاندان کا پیٹ پالتا ہے۔ رات گئے ڈاکوؤں کی طرح اسے جبری لاپتہ کیا گیا۔