برطانیہ اور جرمنی کے لڑاکا طیاروں نے یورپی ملک اسٹونیا کی فضائی حدود کے قریب ایک روسی طیارے کو روک لیا۔
یہ دونوں ممالک کی جانب سے اس طرح کا پہلا مشترکہ آپریشن تھا۔ 2 ٹائی فون طیاروں نے 14 مارچ کو Il-78 مڈاس طیارے کا راستہ روکا۔
روسی طیارہ سینٹ پیٹرز برگ اور Kaliningrad کے درمیان پرواز کر رہا تھا اور اسٹونیا کے ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرنے میں ناکام رہا تھا۔
برطانوی اور جرمن فضائی فورسز کی جانب سے اس وقت خطے میں نیٹو کی جانب سے مشترکہ فضائی گشت کیا جا رہا ہے۔
اگرچہ اس طرح کسی طیارے کا راستہ روکنا غیرمعمولی نہیں مگر یہ پہلی بار ہے جب 2 ممالک نے اکٹھے مل کر اس طرح کا آپریشن کیا۔
اس واقعے سے یوکرین پر حملے کے باعث نیٹو اور روس کے درمیان کشیدگی کا اظہار بھی ہوتا ہے۔
دونوں ممالک کے لڑاکا طیاروں نے اس کے بعد ایک 148 ائیر لائنر کو بھی روکا جو اسٹونیا کی فضائی حدود کے قریب سے گزر رہا تھا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 14 مارچ کو بحیرہ اسود پر پرواز کے دوران روسی جنگی طیارہ ٹکرانے سے امریکی ڈرون مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ Su-27 روسی جنگی طیارے کی مداخلت پر امریکی ڈرون MQ-9 بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق ڈرون بین الاقوامی فضائی حدود میں موجود تھا جب روسی جنگی طیارے نےاسے روکنے کی کوشش کی تھی۔
حکام کے مطابق ڈرون کو روکنے کی کوشش میں روسی طیارہ اس سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں امریکی ڈرون مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔