انڈیا چین سرحدی کشیدگی سے بڑے تصادم کا خطرہ ہے – انڈین آرمی

277

انڈین فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ انڈین سرحد پر چینی فوج کی دراندازی سرحدی کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے جس سے ’بڑا تنازع‘ جنم لے سکتا ہے۔

جنرل منوج پانڈے نے کہا کہ اس وقت چین اور امریکہ کے درمیان طاقت کی دشمنی دہلی اور بیجنگ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے پیپلزلبریشن آرمی (پی ایل اے) کو انڈیا کے ساتھ سرحدی معاہدوں کی خلاف ورزی کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا۔

پیر کو ساوتری بائی پھلے پونہ یونیورسٹی اور نئی دہلی میں واقع سینٹر فار چائنا اینالسس اینڈ سٹریٹجی کے زیر اہتمام ’چین کا عروج اور دنیا پر اس کے مضمرات‘ کے موضوع پر جنرل پانڈے کی اہم تقریر کے دوران انڈیا اور چین کے درمیان جاری سرحدی تنازعے پر اب تک کا سب سے بڑا بیان سامنے آیا۔

مشرقی لداخ کی سرحدوں پر انڈیا اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے انڈین فوج کے سربراہ نے کہا، ’ایل اے سی کے بارے میں مختلف تاثرات‘ کے باعث فوجوں کے درمیان سرحدی علاقوں پر تنازعات اور متنازع دعوے بدستور موجود ہیں۔

جنرل پانڈے نے کہا، ’خلاف ورزیاں کشیدگی میں اضافے کا ایک ممکنہ محرک بنی ہوئی ہیں۔ اس لیے بارڈر منیجمنٹ کی خاطر انتہائی سخت نگرانی کی ضرورت ہے کیونکہ بارڈر منیجمنٹ میں خامیاں بہت بڑے تنازعات کا باعث بن سکتی ہیں۔‘