کشمیر اور اردو دونوں ہندوستان کے ہیں- جاوید اختر

213

بھارت کے معروف نغمہ نگار‘ شاعر اور لکھاری جاوید اختر کا کہنا ہے کہ اردو زبان کا تعلق پاکستان یا مصر سے نہیں بلکہ ہندوستان سے ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز جاوید اختر اور ان کی اہلیہ شبانہ اعظمی کے شاعری کے نئے مجموعے کی لانچنگ کی ایک تقریب میں جاوید اختر کا کہنا تھا کہ اردو کسی اور جگہ سے نہیں آئی بلکہ یہ ہماری اپنی زبان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اردو ہندوستان سے باہر نہیں بولی جاتی . پاکستان بھی ہندوستان سے علیحدگی کے بعد وجود میں آیا اور اس سے قبل پاکستان ہندوستان کا حصہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا اردو کے فروغ میں بڑا ہاتھ ہے اور یہ انڈیا کی زبان ہے۔

جاوید اختر نے کہا کہ پاکستان کہتا ہے کہ کشمیر ہمارا ہے کیا آپ مان لیں گے؟ اسی طرح اردو بھارت کی زبان ہے اور رہے گی۔

یاد رہے کہ جاوید اختر گزشتہ ماہ فیض میلے میں شرکت کیلئے پاکستان آئے تھے جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستان پر ممبئی حملوں کا الزام بھی لگایا تھا۔