یورپ پہنچنے کی کوشش: 18 افغان تارکین وطن کی لاشیں برآمد

209

یورپی ملک بلغاریہ کی پولیس نے دارالحکومت صوفیہ کے قریب ایک ٹرک سے 18 افغان تارکین وطن کی لاشیں برآمد کرلیں۔

بلغاریہ کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوکورسکو گاؤں کے قریب ملنے والا ٹرک لکڑی اور کمپارٹمنٹس میں چھپے غیر قانونی تارکین وطن کو لے جارہا تھا اس حوالے سے نیشنل تحقیقاتی سروس کے سربراہ کا بتانا تھا کہ تارکین وطن کی اموات دم گھٹنے کے باعث ہوئیں-

ان افراد نے غیر قانونی طور پر ہمسایہ ملک ترکیہ کی سرحد عبور کی اور بلغاریہ کے شہر یامبول کے قریب ٹرک پر چڑھنے سے قبل دو دن تک جنگل میں چھپے رہے۔

بلغاریہ کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پانچ بچوں سمیت 34 تارکین وطن کو ہسپتالوں میں پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت بہتر ہے جبکہ پولیس نے چار افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے سینیئر پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے چار افراد میں سے ایک کو پہلے ہی انسانی سمگلنگ کے الزام میں سزا سنائی جا چکی ہے مزید ثبوت ملنے پر الزامات عائد کیے جائیں گے۔