ہدایت الرحمان بلوچ سے ملاقات پر پابندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ حسین واڈیلہ

145

حق دو تحریک کے رہنما حسین واڈیلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طاقت ور عناصر کے ایماء پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے ملاقات پر پابندی عائد کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور عوام کو اشتعال دلانے کے مترادف ہے، ٹرالرز مافیا اور منشیات فروشوں کے سامنے بھیگی بلی بننے والے اپنی طاقت صرف عوام اور عوامی رہنماؤں پر دکھاتے ہیں۔

حق دو تحریک بلوچستان کے چیئرمین حسین واڈیلہ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کی جانب سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے ہر قسم کے ملاقات پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے ٹرالرز مافیا کے خلاف مفلوج ہیں اور ان کے سامنے ایک سرکاری اہلکار کو اغواء کرکے کراچی لے جایا جاتا ہے مگر ان کی توجہ مولانا کو مزید قید رکھنے کے ہتھکنڈوں پر مرکوزہے جبکہ دوسری جانب پولیس کے افسران بھی کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں منشیات فروشوں اور چوروں کے سامنے بھیگی بلی بنے اہلکاروں صرف عوام اور عوامی نمائندوں کو تنگ کرنے پر توانائیاں خرچ کررہے ہیں۔

حسین واڈیلہ نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے عوام کو اپنے قائد سے دور نہیں کرسکتے اور نہ ہی ان کی محبت کم ہوگی۔