بلوچستان کے ضلع پنجگور کے ٹیچنگ اسپتال میں دیگر بنیادی سہولیات کے علاوہ ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ بدستور جاری ہے۔
پریشان حال عوام کا کہنا ہے کہ دوپہر 2بجے کے بعد اور پھر اگلی صبح 9 بجے تک اسپتال میں کوئی میڈیکل آفیسر موجود نہیں ہوتا جس سے ہم انتہائی اذیت سے گذر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر صحت اور سکریٹری صحت اگر پنجگور کو بلوچستان کا ایک ضلع سمجھتے ہیں تو اس فوری نوعیت کے مسئلہ پر توجہ دیں ٹیچنگ اسپتال سمیت آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز میں میڈیکل آفیسر اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔
آج ڈپٹی کمشنر پنجگور امجد حسین سومرو نے اسپتال کا دورہ کرتے ہوئے انتظامیہ نے انہیں اسٹاف کی کمی اور ادویات کی قلت پر بریفنگ دی ۔
انہوں دورے کے موقع پر صحافیوں سے کفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچنگ اسپتال پورے پنجگور کے عوام کوطبی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ اسپتال میں شہری علاقوں کے ساتھ دور دراز سے بھی لوگ علاج ومعالجے کے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اسپتال کے مسائل کا احساس اور ادراک ہے خصوصاً سیکنڈ اور نائٹ شفٹوں میں عوام جس تکلیف اور مشکلات سے گذرتے ہیں وہ میرے علم میں ہے اور میری یہ اولین کوشش ہے کہ اسپتال میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا ساتھ دوں۔