بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے مقام بیلہ میں بس حادثے کے بعد کراچی منتقل کی جانیوالی 38 لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہوگئی ہے۔
انچارج سی پی ایل سی شناخت پروجیکٹ عامر حسن نے میڈیا کو بتایا کہ تمام لاشوں کی ڈی این اے کے ذریعے شناخت اور قانونی کارروائی کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔
لواحقین نے اس موقع پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین دن تک ایدھی سرد خانے کے باہر بیٹھے رہے لیکن کسی نے کھانے پینے کو کچھ نہیں پوچھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے کے ایم پی اے، ایم این اے نے ہماری بالکل مدد نہیں کی، مسافر بسوں سے اسمگلنگ ختم کرائی جائے۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے لیے حکومت امداد کا اعلان کرے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 30 کا تعلق پشین سے ہے جبکہ 7 خواتین 5 بچے بھی شامل ہیں۔