خاران اور ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ، دو افراد ہلاک

196

بلوچستان کے علاقے خاران اور ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔

خاران میں فائرنگ کا واقعہ لجے کے علاقے میں پیش آیا ہے جہاں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت محمد جان ولد حسن خان ساسولی کے نام سے ہوئی ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ گروہ سے ہے جس کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی سے اطلاعات ہیں کہ سیشن کورٹ کے احاطے میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت عبدالستار سرپراہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں ایوب عمرانی اور کریم بخش گورشانی شامل ہیں۔

تاہم خاران اور ڈیرہ مراد جمالی میں پیش آنے والے دونوں واقعات کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔