حب: پولیس کی زیادتیوں کیخلاف شہری سراپا احتجاج

259

بلوچستان کے صنتعی شہر حب صدر تھانہ پولیس کی زیادتیوں کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

لسبیلہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ ،چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور دیواریں پھلانگ کر گھروں میں رات گئے داخل ہونے کی وجہ سے پوچھنے پر ایس ایچ او کی اپنے تعلقات اور اثرورسوخ کی دھمکیوں پر احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین نے کہا کہ صدر پولیس جرائم پیشہ گینگز کو لگام دیکر شہریوں اور تاجروں کے تھفظ کو یقینی بنانے کے بجائے شریف شہریوں کو ہراساں کر رہی ہے ۔

مظاہرین نے مزید کہا کہ گزشتہ رات گئے حب شہر کے علاقہ پٹھان کالونی پیرکس روڈ پر صدر تھانہ کی کاروائی اور لوگوں کے گھروں میں داخل ہو کر چادر چار دیواری کے تقدس کی پامالی کے خلاف پٹھان کالونی کے مکین کاروباری شخصیت قدوس خلجی کی قیادت میں لسبیلہ پریس کلب حب کے سامنے صدر تھانہ پولیس اور ایس ایچ او کی اقرباءپروری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بعدازاں ایک پریس کانفرنس بھی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس وقت حب شہر میں صدر بیروٹ تھانہ کی حدود میں جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے موٹر سائیکلوں کی چور ی ،اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں چوری نقب زنی دکانوں کے تالے اور شٹر توڑ کی وارداتیں موبائل فونز چھینے اور دکانوں میں گھس کر لوٹ مار کی وارداتیں تسلسل سے ہورہی ہے صدر تھانہ کی حدود میں معاشرتی برائیوں اور منشیات فروشی کے اڈے سرعام چلائے جارہے ہیں لیکن صدر تھانہ پولیس جرائم کو روکنے کے بجائے شریف شہریوں کے گھروں میں گھس کر انہیں ہراساں کر رہی ہے اور ہر وقت ہر سڑک چوک چوراہے پر سرعام بھتہ خوری اسمگل شدہ اشیاءکے گوداموں کی نگرانی اور سرپرستی میں مصروف ہے۔

مظاہرین کے مطابق صدر تھانہ ایس ایچ او سے جب گھروں میں بغیر کسی سرچ وارنٹ کے داخل ہونے کی وجہ پوچھی گئی تو وہ وجہ بنانے کے بجائے اپنے تعلقات اور اثر ورسوخ کی دھمکیاں دینے لگے۔

مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ وہ شریف شہری ہیں انکا کسی جرائم پیشہ گینگ سے کوئی تعلق نہیں وہ اپنے جائز کاروبار کرتے ہیں اور انھوں نے جرائم کے حوالے سے ہمیشہ پولیس اور دیگر فورسز سے تعاون کیا ہے لیکن صدر تھانہ کے موجودہ ایس ایچ او بے گناہ شہریوں کو پکڑ کر انہیں ہراساں کرنے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔