بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کابینہ اجلاس، اہم فیصلے

219

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے اخبارات اور ٹی وی چینلز میں تنخواہوں میں تاخیر، قانون کے برعکس صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو کم ترین تنخواہیں دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا اداروں کو قانون پر عملدرآمد کرانے کا پابند بنایا جائے۔

بی یو جے نے اسپورٹس جرنلسٹس مہک شاہد کیساتھ کرکٹ میچ کی کوریج کے دوران پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قابل نفرت عمل قرار دیا ہے۔

بی یو جے کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس صدر عرفان سعید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مالی، سماجی مسائل اوران کے حقوق پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں روزنامہ جنگ جیسے بڑے ادارے سمیت مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز میں مہینوں تنخواہوں میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر اراکین نے کہا کہ روزنامہ جنگ بلوچستان میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والا اخبار ہے اس کے باوجود کارکنوں کی تنخواہوں میں تاخیر سمجھ سے بالاتر اور قابل مذمت ہے۔

کابینہ نے کہا کہ مقامی اخبارات میں بھی کارکنوں کو انتہائی قلیل تنخواہیں دی جارہی ہیں کئی سالوں سے تنخواہوں میں اضافہ بھی نہیں کیا گیا۔ یہ مسئلہ چیف سیکرٹری بلوچستان کے ساتھ پہلے بھی اٹھاچکے ہیں امید ہے کہ حکومت میڈیا پالیسی ترتیب دیکر اس مسئلے کو حل کرے گی کابینہ نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ کئی ٹی وی نیوز چینلز کی بھی یہی صورتحال ہے کہی سالوں سے تنخواہوں اضافہ نہیں کیا گیا اور نہ وقت پر تنخواہیں دی جارہی ہیں۔ بی یو جے کابینہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اخبارات کو لیبر قوانین اور حکومت کی طرف طے شدہ کم سے کم اجرت پر عملدرآمد کرائے۔

بی یو جے نے واضح کیا ہے کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز کی جانب سے ورکرز کو واجبات اور تنخواہوں کی وقت پر ادائیگی نہیں کی گئی تو بی یو جے پی ایف یو جے کے ساتھ ملکر سخت سے سخت لائحہ عمل اپنائے گی۔ اجلاس میں گزشتہ دنوں خاتون اسپورٹس جرنلسٹس مہک شاہد کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بی یو جے خاتون جرنلسٹس کے ساتھ ہے فیلڈ میں کام کے دوران کسی کو بھی اس قسم کی قابل نفرت عمل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ حکومت واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے۔

کابینہ اجلاس میں صحافیوں کے ویلفیئر فنڈ جرنلسٹس ہاوسنگ سوسائٹی سمیت دیگر تنظیمی امور پر غور اور اہم فیصلے کئےگئے اور مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔