بلوچستان روڈ حادثات: سال کے پہلے مہینے 106 افراد جانبحق، 970 زخمی

421

بلوچستان یوتھ اینڈ سول سوسائٹی (بی وائے سی ایس) کی جانب سے بلوچستان میں ٹریفک حادثات کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جنوری 2023 میں بلوچستان کی شاہراہوں پر حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گذشتہ ماہ جنوری کے مہینے میں بدقسمتی سے تسلسل کے ساتھ بلوچستان کی مختلف شاہراہوں پر 693 حادثات پیش آئے جن میں 970 افراد زخمی ہوئے، 106 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

کوئٹہ، مستونگ، پشین، قلات، بوستان، کچلاک میں 127 حادثات رونما ہوئے جس میں 181 افراد زخمی ہوئے اور 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

خضدار، سوراب، لسبیلہ، حب، وندر اور اوتھل میں 324 حادثات رونما ہوئے جن میں 392 افراد زخمی و 57 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

قلعہ سیف اللہ، کان مہترزئی، لورالائی، قلعہ عبداللہ، زیارت، مسلم باغ، ژوب، شیرانی میں 106 حادثات پیش آئے جن میں 190 افراد زخمی ہوئے، 19 افراد جاں بحق ہوئے۔

سبی، بولان، مچھ، ڈیرہ مراد جمالی، صحبت پور، نوتال، بختیار آباد، کوہلو، سوئی، بارکھان میں 106 حادثات ہوئے جس میں 170 افراد زخمی اور 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

تربت، پنجگور، گوادر، مکران، کوسٹل ہائی وے کیچ میں 13 حادثات پیش آئے، 13 افراد زخمی اور 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

دالبندین، چاغی، نوشکی، خاران، بسیمہ، نوکنڈی میں 17 حادثات ہوئے جس میں 24 افراد زخمی اور 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ان اموات میں مختلف خاندانوں کے متعدد افراد زندگی کی بازی ہار گئے جن میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں، جن کا حادثہ بیلہ میں ہوا تھا۔ ایک اور خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوئے جن کا حادثہ زیارت کراس پر ہوا تھا۔ ایک اور خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوئے جنکا حادثہ بیلہ میں ہوا تھا ایک اور حادثے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہوئے جن کا تعلق قلات سے تھا۔