بارکھان واقعہ: بلوچستان حکومت اپنے وزیر کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے – مری اتحاد

327

کوئٹہ میں بارکھان میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور مری قبیلے کے افراد کا لاشوں کے ہمراہ ریڈ زون میں دھرنا جاری ہے۔

چیئرمین مری قبائل اتحاد جہانگیر خان نے الزام عائد کیا ہےکہ بارکھان واقعے پر بلوچستان حکومت اپنے وزیر کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین مری قبائل اتحاد جہانگیر خان نے دعویٰ کیا کہ مغوی بچوں کو سردار عبدالرحمان کھیتران کے ساتھی وڈیرے کے پاس پہنچا دیا گیا ہے، اس کام کے لیے اس وڈیرے کو 10کروڑ روپے بھی دیےگئے ہیں۔

جہانگیر خان نے الزام عائدکیا کہ بلوچستان حکومت اپنے وزیرکو بچانے کے لیے ایسا کر رہی ہے، ہم بارکھان واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری چاہتے ہیں، خان محمد مری کے 5 بچوں کو فوری بازیاب کرایا جائے، صوبائی وزیرکے خلاف مقدمہ درج اور وزارت سے برطرف کیا جائے، وفاقی حکومت اور سپریم کورٹ سے اس معاملے میں مدد کی اپیل کرتے ہیں۔

جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ خاتون نے ویڈیو میں فریاد کی تھی، اس کاابھی تک مقدمہ نہیں ہوا، صوبائی حکومت کی کارکردگی نہ ہونےکے برابر ہے، وزیر داخلہ کا بلایا گیا اجلاس بے نتیجہ ہے۔