ایران سے کم سپلائی، مکران میں بجلی بحران

278

ایران سے مکران کو سپلائی ہونے والی بجلی میں 80میگاواٹ کی کمی سے بحران پیدا ہوگیا۔

کیچ سمیت مکران بھر میں بجلی کی طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ نے عوام کے مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔

ایران کی جانب سے مکران کو پہلے سے سپلائی ہونے والی 100میگاواٹ میں 80 میگاواٹ کی کمی کرنے کی اطلاعات ہیں۔

گزشتہ روز سے مکران کو ایران سے سپلائی ہونے والی 100میگاواٹ بجلی اچانک بندش کے بعد جزوی بحال کردی گئی۔

ایران کی طرف سے 132kV جیکی گور مین ٹرانسمیشن لائن سے اتوارکو ایک بجے کے قریب بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جس کے نتیجے میں مکران کے تینوں اضلاع کے مند، تْمپ، تربت، ہوشاب، پنجگور، پسنی، اورماڑہ، جیونی، گوادرانڈسٹریل، گوادر ڈیپ سی پورٹ اور گوادر گرڈاسٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے تاہم بعد ازاں تقریباً 2بجے ایران سے دوبارہ بجلی کی فراہمی بحال ہوئی جو صرف 20میگا واٹ تک محدود ہے اس طرح مکران کے علاقوں کو 80میگاواٹ برقی قلت کا سامنا ہے۔

برقی قلت کے باعث تین دن سے کیچ میں طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

جبکہ دوسری جانب کیسکو کے ایگزیکٹو انجینئر ہائی ٹرانسمیشن لائن ظفر علی چھلگری نے گزشتہ دنوں گوادرمیں جی ڈی اے کے ڈائریکٹرجنرل مجیب الرحمن قمبرانی سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ ایرانی حدود میں پھلان گرڈ اسٹیشن جبکہ بلوچستان کی حدود میں جیونی کے مقام پر 30 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن پر جاری کام مارچ تک مکمل ہوگا اور مارچ کے مہینہ میں موجودہ سسٹم میں 100 میگاواٹ اضافی بجلی شامل ہوجائے گی۔

جس سے نہ صرف گوادرکی بجلی ضروریات پوری ہوجائیں گی بلکہ مکران ڈویڑن کی کھپت بھی پوری ہوگی، اس پیش رفت کے تناظرمیں مکران کو پہلے سے ملنے والی بجلی کی کمی پر عوامی حلقوں نے حیرت کا اظہارکیا ہے۔