کوئٹہ: نوجوان پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

322

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے پاکستانی فورسز نے ایک نوجوان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ ایریگیشن کالونی کلی بنگلزئی سے عبدالخالق بلوچ ولد غلام محمد قمبرانی نامی نوجوان کو فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان پیشے کے لحاظ سے درزی ہیں جنہیں فورسز نے کل شام انہی کی دکان سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا۔

اہلخانہ نے جبری گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ نوجوان کی بازیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

مذکورہ نوجوان جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز اٹھانے والے ماما عبدالغفار قمبرانی کا بھتیجا ہے۔ عبدالغفار قمبرانی کے خاندان سے اس سے قبل جمیل سرپرہ کو جبری لاپتہ کیا گیا جو تاحال منظر عام پر نہیں آسکا ہے۔