ڈیرہ بگٹی: بھوک کے باعث 13 سالہ لڑکے نے خودکشی کرلی

542

ڈیرہ بگٹی کے تحصیل سوئی میں 13 سالہ بھوکے لڑکے نے سوکھی روٹی نہ ملنے پر گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے سوئی، وشحال کالونی کے 13 سالہ کمسن نوجوان راجو ڈومب بگٹی نے غربت اور گھر کے حالات سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

بتایا جاتا ہے کہ کمسن بچہ بازار میں لوگوں کے جوتے پالش کرتا تھا گذشتہ روز دیہاڑی نہ لگنے کے باعث گھر پہنچ کر ماں سے روٹی طلب کی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ماں بیٹے کو گھر میں بٹھاکر پڑوسیوں کے پاس آٹا مانگنے گئی تو بھوک سے بدحال کمسن بچے نے مایوس ہوکر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔

یاد رہے کہ ضلع ڈیرہ بگٹی میں اس وقت چار گیس فیلڈز سوئی، پیر کوہ، لوٹی اور اُچ ہیں جو پاکستان بھر میں سپلائی کیا جاتے ہیں تاہم سوئی گیس سے وہاں کے مقامی لوگ ابتک محروم جبکہ بے روزگاری کی شرح بھی زیادہ ہے۔

سوئی گیس فیلڈ پاکستان پیٹرولیم لمیٹیڈ (پی پی ایل) نامی کمپنی چلاتی ہے، جس کا ہیڈ کوارٹر کراچی میں ہے۔ سوئی گیس فیلڈ سے گیس کی یومیہ پیداوار تقریباً چھ سو ساٹھ ملین کیوبک فٹ ہے اور وہاں اب بھی ایک اندازے کے مطابق دو ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں۔