ڈالر کی قدر میں اضافہ، ایک دن میں 10 روپے بڑھ گیا

417

پاکستان میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ رپورٹ کیا جا رہا ہے۔

ایکسچینج کمپنیز کی جانب سے ڈالر کی قدر پر مقرر حد (کیپ) ختم کرنے کے بعد اوپن مارکیٹ کے ساتھ انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کے نرخ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انٹر بینک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروباری اوقات کے پہلے حصے میں ڈالر کی قیمت 10 روپے اضافے سے 241 روپے تک پہنچ گئی۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 26 جنوری کو کاروباری اوقات کے پہلے حصے میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 245 روپے ہے جبکہ گزشتہ روز 243 روپے پر مارکیٹ بند ہوئی تھی۔

انٹر بینک مارکیٹ میں اس وقت ایک امریکی ڈالر 241 روپے کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

معاشی امور کے ماہر عبدالعظیم نے بتایا کہ ایکسچینج کمپنیز کی جانب سے ڈالر ریٹ سے کیپ ہٹانے کے بعد دوسرے روز بھی روپے کی قدر میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔

’مارکیٹ ریٹ میں دو روپے سے زیادہ کا فرق ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی ہوگی تو عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑے گا۔ ’اس وقت ضروری ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جائے اور ایسے حالات بنائے جائیں کہ سرمایہ کار بنا خوف ملک میں سرمایہ کاری کر سکیں۔‘