سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو جرمانہ

178

لنکا شائر پولیس نے ‘لندن کے ایک بیالیس سالہ شخص‘ کو چلتی کار میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ کر دیا ہے۔ یہ شخص دراصل برطانوی وزیر اعظم رشی سونک ہیں۔ جرمانے سے قبل وہ اپنی اس غلطی پر پہلے ہی معافی مانگ چکے تھے۔

لندن میں وزیر اعظم کے دفتر دس ڈاؤننگ اسٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رشی سونک نے ایک چھوٹا سا ویڈیو کلپ بنانے کے لیے اپنی سیٹ بیلٹ کھولی تھی جو ایک غلطی تھی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ سونک کیمرے کی جانب تھوڑا سا جھک رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے، ”وزیر اعظم اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے معافی بھی مانگ لی ہے۔ وہ مانتے ہیں کہ ہر کسی کو سیٹ بیلٹ باندھنا چاہیے۔‘‘
لنکاشائر کی پولیس نے، جہاں اس واقعے کے وقت رشی سونک کی کار موجود تھی، ایک ابتدائی اعلان میں وزیر اعظم کا نام نہیں لیا تھا، تاہم ان کی عمر اور رہائش گاہ کا ذکر ضرور کیا گیا تھا۔

برطانیہ میں قانون توڑنے کے الزام میں جو جرمانہ کیا جاتا ہے اسے ‘فکسڈ پینلٹی‘ کہتے ہیں۔ جس شخص کو ایسا جرمانہ کیا جاتا ہے، اسے 28  دن کے اندر اندر یا تو یہ جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے یا پھر اسے عدالت میں چیلنج کرنا ہوتا ہے۔