حسین واڈیلہ و ساتھی جسمانی ریمانڈ پر کرائم برانچ کے حوالے

285

حق دو تحریک کے رہنما حسین واڈیلہ سمیت ان کے ساتھیوں کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر کرائم برانچ کوئٹہ کے حوالے کردیا گیا۔

حسین واڈیلہ کے وکیل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ انکے موکل کو کوئٹہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

راحب بلیدی کے مطابق انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وقوعہ گوادر کا ہے گوادر میں عدالتیں اور تفتیشی آفیسر بھی موجود ہیں ان کے موکل کو صوبائی حکومت اور حلقے کے ایم پی اے کے ایماء پر کرائم برانچ کے حوالے کیا گیا ہے عدالت سے استدعا ہے انہیں ریمانڈ نہ دیا جائے۔

سماعت کے دوران تفتیشی آفیسر نے عدالت سے استدعا کی کہ محکمہ داخلہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ملزمان کرائم برانچ کے حوالے کئے گئے ہیں جس کے بعد تفتیش کے لئے سات دن کا ریمانڈ دیا جائے۔

اس موقع پر حسین واڈیلا اور ان کے ساتھیوں کے وکیل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ریمانڈ کے دورانیہ کو کم کیا جائے جس پر عدالت نے ملزمان کا تین دن کا ریمانڈ دیتے ہوئے تفتیشی آفیسر کو ہدایت کی کہ گوادر کے شہری ہمارے مہمان ہیں ان کا ہر حال میں خیال رکھا جائے انہیں کسی بھی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔