بلوچستان میونسپل ورکرز کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج

217

آل بلوچستا ن میونسپل ورکرز ایسوسی ایشن بلوچستان کوئٹہ کے زیر اہتمام ملازمین کو تنخواہوں کی عدم فراہمی و دیگر مطالبات کے حق میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے احاطے میں مین گیٹ کے پاس احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا-

ملازمین کا کہنا ہے کہ ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جا رہے گذشتہ تین ماہ سے کنٹریکٹ ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں ایک ماہ سات روز سے احتجاجی کیمپ لگا کر سراپا احتجاج ہیں-

ملازمین کا کہنا تھا ہم گزشتہ چار سالوں سے میٹروپولیٹن کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو گریجویٹی کی عدم فراہمی کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں نااہل حکومت اور انتظامیہ ملازمین کی تنخواہوں سے پینشن فنڈ کی کٹوتی کر رہی ہے اور انکے ہاتھوں کی محنت کے پیسوں کیلئے ہم احتجاج کر رہے ہیں-

انہوں نے کہا اپنے ملازمین کے جائز مطالبات اور بقایا جات سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہونگے ہمارے مطالبات جائز ہیں حکومت اور انتظامیہ ملازمین کی مالی مشکلات اور احتجاج کو پس پشت ڈال کر مسئلے کو حل نہیں کر رہے جس کی وجہ سے ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہیں اور تمام ملازمین کی گریجویٹی ادا کی جائے اور محکمہ کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائے-

مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے کئی گھنٹو ں بعد پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔