تربت سے لاپتہ نوجوان بازیاب، لواحقین کا دھرنا ختم

243

تربت کے علاقے سامی عمری کہن سے لاپتہ دو نوجوان بازیاب ہوگئے، نوجوانوں کی جبری گمشدگی کیخلاف لواحقین اور علاقہ مکین شاہراہ پر چار روز سے دھرنا دئے ہوئے تھیں-

ذرائع کے مطابق دونوں لاپتہ نوجوان بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے جس پر مظاہرین کی جانب سے شاہراہ پر دھرنا ختم کرکے ٹریفک کو آمدو رفت کیلئے کھول دیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ اٹھارہ دسمبر کو فورسز نے کیچ کے علاقے سامی عمری کہن سے دو کم عمر طالب علموں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا تھا۔ لاپتہ ہونے والوں کی شناخت فرسٹ ائیر کے طالب علم بدیر حبیب اور دسویں کلاس کے طالب علم طارق بشیر کے ناموں سے ہوئی تھی۔

علاقہ مکینوں اور لواحقین نے مذکورہ طالب علموں کی جبری گمشدگی کے خلاف مرکزی شاہراہ کو احتجاجاً بند کردیا تھا- مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ نوجوانوں کو رہا کیا جائے اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو قوانین کے تحت انہیں حراست میں لیکر عدالت میں پیش کیا جائے۔