افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کو سرکاری ملازمین کی ایک بس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔
کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق بدھ کی صبح ڈسٹرکٹ 5 میں وزارت دیہی بحالی اور ترقی کے ملازمین کی ایک منی بس کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا ہے-
پولیس ترجمان کے مطابق بم دھماکے میں 7 سرکاری ملازمین زخمی ہو گئے، تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم پولیس نے دھماکے میں ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے-
کابل پولیس و انتظامیہ واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔ کابل پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پولیس حملہ آوروں کو تلاش کررہی ہے جنکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی-
واضع رہے کابل و افغانستان کے دیگر اضلاع میں حملوں کی ذمہ داری اکثر اوقات داعش کی جانب سے قبول کی جاتی ہے، تاہم اس دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی-