پنجگور: مکران یونیورسٹی کا وائس چانسلر برطرف

270

مکران یونیورسٹی میں نئی تعینات ہونے والے متنازعہ وائس چانسلر کو برطرف کردیا گیا-

قائم مقام گورنر بلوچستان کے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق یونیورسٹی آف مکران پنجگور کیمپس کے وائس چانسلر عبدالمالک ترین کو انکے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔

مالک ترین حالیہ دنوں میں مکران یونیورسٹی پنجگور کیمپس میں وائس چانسلر منتخب ہوئے تھے تاہم گورنر کے اعلامیہ میں انکے برطرفی کی وجوہات بیان نہیں کئے گئے ہیں-

واضع رہے پنجگور کے طلباء شروع دن سے مالک ترین کی بطور وائس چانسلر پر سراپا احتجاج تھے، طلباء کا کہنا تھا کہ مالک ترین ایک متنازعہ شخص ہے ان پر کئی یونیورسٹیوں میں ہراسگی اور بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں جبکہ وہ بلوچستان یونیورسٹی میں بلوچ طالبات کے ساتھ پیش آنے والے بلوچستان کے سب سے بڑے اسکینڈل میں پیش پیش تھے جس میں بلوچ طالبات کو غیر اخلاقی ویڈیوز کے ذریعے ہراساں کیا گیا تھا اور بلوچ و پشتون روایات کو پامال کیا گیا تھا-

طلباء کا کہنا تھا کہ مالک ترین کو یونیورسٹی آف لورالائی میں غیر تسلی بخش کارکردگی کی بنیاد پر 6 اکتوبر 2021 کو یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر کے عہدے سے اس بنیاد پر ہٹایا گیا کہ اس شخص کی کارکردگی غیرتسلی بخش ہے یہ اقدام مذکورہ شخص کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے تاہم اسے زبردستی پنجگور کے طلباء پر مسلط کیا جارہا ہے-

مکران یونیورسٹی کے طلباء نے وائس چانسلر کی تعیناتی پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ شخص کی یونیورسٹی آف مکران میں تعیناتی کسی بھی صورت ناقابل قبول ہے ہم اس ادارے میں کسی ایسے شخص کی تعیناتی کو قبول نہیں کرسکتے جس کا کردار پہلے ہی سے داغدار ہو جو پہلے ہی سے متعدد بار بلوچ طالب علموں کو ہراساں کرچکا ہو-