ٹوئٹر پر ماہانہ آٹھ ڈالر کے عوض بلیو ٹک فراہمی معطل

188

ٹوئٹر کی جانب سے ماہانہ 8 ڈالر کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کی سروس متعارف ہونے کے چند دن بعد ہی معطل کردی گئی۔

ٹوئٹر پر ماہانہ 8 ڈالر کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کا فیچر گزشتہ ہفتے 7 نومبر کو امریکا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں متعارف کرایا تھا۔

مذکورہ فیچر تک ابتدائی طور پر محدود صارفین کو رسائی دی گئی تھی، تاہم اس باوجود اس سے بڑے پیمانے پر جعلی اکاؤنٹس کے تصدیق شدہ ہونے کے بعد اسے مکمل طور پر معطل کردیا گیا۔

امریکی جریدے ’فوربز‘ نے بتایا کہ ماہانہ 8 ڈالر فیس کی عوض تمام اکاؤنٹس کو بلیو ٹک فراہم کرنے کا فیچر 11 نومبر کو معطل کردیا گیا۔

مذکورہ فیچر کو 7 نومبر کو متعارف کرایا گیا تھا اور چند ہی دن میں فیس کے عوض درجنوں جعلی اکاؤنٹس کو بلیو ٹک فراہم کیا گیا، جس کے بعد کمپنی کو مجبورا مذکورہ فیچر کو معطل کرنا پڑا۔

اسی حوالے سے ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’انگیجٹ‘ نے بتایا کہ اگرچہ ٹوئٹر نے آفیشلی طور پر مذکورہ فیچر کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم نیا فیچر 11 نومبر سے کام نہیں کر رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر پیسوں کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کا فیچر ابتدائی طور پر صرف آئی فون پر کام نہیں کر رہا، کیوں کہ اسے پہلے آئی فون صارفین کے لیے پیش کیا گیا تھا۔