کوئٹہ میں فائرنگ سے سابق افغان پولیس کمانڈر عبدالصمد اچکزئی قتل

378

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سابق افغان پولیس کمانڈر کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا

پولیس کے مطابق عبدالصمد اچکزئی کو مشرقی بائی پاس کے علاقے پرکانی گلی میں اتوار کی صبح قتل کیا گیا

پولیس کے ڈیوٹی افسر محمد اسحاق نے بتایا کہ عبدالصمد اور ان کے بھائی کو گھر کے قریب اس وقت نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا جب وہ موٹرسائیکل پر جارہے تھے

انہوں نے بتایا کہ حملہ آور بھی موٹرسائیکل سوار پر تھے جو فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

پولیس افسر محمد اسحاق کے مطابق فائرنگ میں عبدالصمد کا بھائی محفوظ رہا جبکہ گولیوں کی زد میں آکر ایک راہ گیر زخمی ہوا- لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا

علاقے کے ایس ایچ او منظور احمد نے تصدیق کی ہے کہ  مقتول کا تعلق افغانستان کے صوبہ قندھار سے تھا اور وہ سابق افغان حکومت میں پولیس کمانڈر تھا

ان کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ افغانستان میں دشمنی ہوسکتی ہے تاہم مقتول کے لواحقین نے کسی کو نامزد نہیں کیا اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی ہے

سابق افغان صدر اشرف غنی کے عوامی امور  کے سابق مشیر اختر محمد بادیزئی نے اپنے فیس بک پیج پر دیئے گئے بیان میں بتایا کہ عبدالصمد اچکزئی سابق افغان حکومت میں صوبہ قندھار کے ضلع پنجوائی کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیس چیف تھے اور انہوں نے صوبہ اورزگان میں بھی پولیس کمانڈر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دی تھیں

اختر محمد بادیزئی نے واقعہ کی مذمت کی سابق افغان پولیس کمانڈر عبدالمعروف کمکی نے افغان میڈیا کو بتایا کہ عبدالصمد قندھار سرحدی پولیس کے سربراہ جنرل عبدالرزاق اچکزئی کے قریبی ساتھی تھے۔ انہوں نے جنوبی صوبوں میں طالبان کے خلاف محاذ پر فعال کردار ادا کیا اور افغانستان میں جمہوری نظام کے خاتمے کے بعد جان بچانے کے لیے پاکستان فرار ہوگئے تھے

پولیس کے ڈیوٹی افسر محمد اسحاق کے مطابق عبدالصمد کے ایک بھائی کے پاس افغان پناہ گزین کارڈ ہے جبکہ عبدالصمد کے پاس کوئی قانونی دستاویزات نہیں تھے اور وہ غیر قانونی طور پر بھائی کے ہاں رہائش پذیر تھا

عبدالصمد اچکزئی نے کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک تعلیمی مرکز میں گذشتہ ہفتے ہونے والے بم حملے کے حوالے سے بیان جاری کیا تھا

اس بیان میں انہوں نے کابل دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے– 

کوئٹہ پولیس کے ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی کا کہنا ہے ایسی اطلاعات مل رہی ہیں کہ اس قتل کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔  پولیس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔