چین: کمیونسٹ پارٹی کی بیسویں کانگریس 22 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگی

227

چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 20 ویں کانگریس 22 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگی، جہاں چینی صدر شی جن پنگ کے اقتدار میںتاریخی تیسری مدت حاصل کرنے کی توقع ہے۔

کانگریس کے ترجمان سن ییلی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کانگریس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جہاں چین کے ہر صوبے سےتقریباً 2300 مندوبین اتوار سے دارالحکومت بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں جمع ہوں گے۔

پروگرام صبح 10:00 بجے ایک افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوگی، جس کے بعد توقع ہے کہ شی ایک لمبی تقریر کریں گے جس میںپچھلی مدت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اگلے پانچ سالوں کے لئے روڈ میپ بھی پیش کیا جائے گا۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق اس بار بھی 69 سالہ شی اپنے منصب پر فائز رہ کر ماؤزے تنگ کے بعد چین کے سب سے طاقتور رہنماء کےطور پر ان کی پوزیشن مستحکم ہوجائے گی۔

2،296 شرکاء پارٹی کی تقریباً 200 رکنی مرکزی کمیٹی کے ممبروں کا انتخاب کریں گے، جو بدلے میں 25 افراد پر مشتمل پولٹبیورو اور اس کی سب سے طاقتور اسٹینڈنگ کمیٹی کا انتخاب کرتی ہےجو ملک کی اعلیٰ ترین قیادت کا ادارہ ہے۔