بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم افراد نے یوفون کمپنی کے موبائل ٹاور کو دھماکے سے تباہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز قلات کے علاقے منگچر میں مکی کے مقام پر نامعلوم افراد نے یوفون کمپنی کے موبائل ٹاور کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے دھماکے سے تباہ کردیا-
علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح افراد ٹاور کو دھماکے سے اڑانے کے بعد فرار ہوگئے۔ حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا گیا۔
واضع رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موبائل ٹاوروں کو بلوچ مسلح آزادی پسندوں کیجانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان تنظیموں کا موقف ہیں کہ مذکورہ کمپنیاں ویران علاقوں میں موبائل ٹاور نصب کرکے پاکستان فوج کو معاونت فراہم کرتے ہیں۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کے حالیہ ایک رپورٹ کے مطابق سال 22-2021 کے دوران بلوچ لبریشن آرمی و دیگر بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے 25 مواصلاتی اور 8 بجلی ٹاور تباہ کیئے گئے جبکہ اس دوران تعمیراتی کمپنیوں پر 38 حملے ہوئے ہیں-
تاہم گذشتہ روز قلات منگچر میں ٹاور کو اُڑانے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔