جرمنی میں غیر ملکی جاسوسی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ جرمن انٹیلیجنس

322

وفاقی جرمن فوج کی کاؤنٹر انٹیلیجنس ایجنسی ایم اے ڈی کی خاتون سربراہ نے حریف ممالک کے خفیہ اداروں کی جرمنی میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے خلاف خبردار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وارننگ کی سطح پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے۔

ایم اے ڈی کی سربراہ مارٹینا روزنبرگ نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ان کے ادارے نے بیرونی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے جرمنی میں جاسوسی کی متعدد کوششوں کا سراغ لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریف ریاستوں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ان ممالک کی انٹیلیجنس ایجنسیاں اہم اور قابل استعمال معلومات کے حصول کے لیے ہر ممکن ذرائع استعمال کرتی ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے ملک کے مفادات کے پیش نظر وہ ہر طرح کا دباؤ بھی استعمال کریں۔

روزنبرگ نے کہا، ”جرمنی کی ملٹری کاؤنٹر انٹیلیجنس نے جاسوسی کی ایسی کئی کوششوں کا پتہ چلایا ہے۔‘‘

انہوں نے اپنے ادارے کی حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ”ہماری کارکردگی کا محور ملک میں جاسوسی کی غیر ملکی سرگرمیوں کا پتہ چلانا ہے، موجودہ حالات میں خاص طور پر روسی اور چینی خفیہ اداروں کی طرف سے، تا کہ ان کا ابتدائی مراحل ہی میں سراغ لگاتے ہوئے اور قومی اور بین الاقوامی پارٹنر انٹیلیجنس اداروں کے تعاون سے مؤثر اور قبل از وقت تدارک کیا جا سکے۔‘‘