بولان: بڑے پیمانے پر زمینی و فضائی آپریشن جاری

691

بولان و گردنواح میں فوجی آپریشن میں بڑی تعداد میں پیدل دستوں کے علاوہ گن شپ ہیلی کاپٹر اور جاسوسی طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے بولان، ہرنائی، کوئٹہ اور سبی کے مختلف علاقوں میں بیک وقت پاکستان فوجی کیجانب سے آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مارگٹ، بزگر، گڑانگ، یخو اور اُچ کمان، ہرنائی کے علاقوں شاہرگ، زردآلو  سمیت کوئٹہ سے متصل زرغون کے مختلف مقامات شیرکی کھچ اور زرغون گاٹ میں فوجی آپریشن کی جارہی ہے جبکہ کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام کو بند کردیا گیا۔

علاقائی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹروں کو ان علاقوں میں دیکھا گیا ہے جبکہ جاسوسی طیارے بھی فضاء میں دیکھے گئے ہیں۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے جبکہ نقصانات کے حوالے سے بھی خبریں سامنے نہیں آسکی ہے۔

 خیال رہے گذشتہ مہینےہرنائی کے علاقے زردآلو کے مقام پر مسلح افراد نے مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی لی اورشناخت کے بعد دو افراد کو اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ مسلح افراد نے کوئلہ لیجانے والی چار ٹرکوں کے ٹائر بھی تباہ کیئے۔

مذکورہ واقعے کے بعد پاکستان فوج نے آپریشن کا آغاز کیا جہاں آپریشن میں حصہ لینے والے دو میں سے ایک ہیلی کاپٹر کو مسلح افراد نے مار گرایا۔ ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نتیجے میں پاکستان فوج کے چھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔

مذکورہ کاروائی کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔ ترجمان جیئند بلوچ نے کہا کہ یہ کاروائی خفیہ معلومات پر بی ایل اے کے اسپیشل ٹیکٹیکل آپریشنز اسکواڈ نے کی۔

بعدازاں تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک پیشہ ور اور ذمہ دار فوج کے طور پر، بلوچ لبریشن آرمی کی سینئر کمانڈ کونسل نے اب پاکستانی فوج کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی منظوری دے دی ہے۔ بی ایل اے بین الاقوامی کنونشنز اور قائم کردہ جنگی اصولوں کی پابندی کرتی ہے۔ بلوچ قوم کی ایک ذمہ دار قومی قوت کی حیثیت سے بی ایل اے مہذب دنیا کے تمام قوانین اور اصولوں پر عمل پیرا رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ بی ایل اے بلوچ سیاسی اسیروں کی رہائی کے بدلے دونوں قیدیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم، اگر اس دوران پاکستانی فوج نے کسی قسم کی جارحیت دکھانے کی کوشش کی تو ان قیدیوں کو بلوچ قومی عدالت سے دی جانے والی سزا پر فالفور عمل کیا جائے گا۔