ایران سے جرمنی جانے والی طیارے کی لینڈنگ گیئر سے لاش برآمد

237

ایران سے جرمنی جانے والی معروف ائیر لائن کی پرواز سے لاش برآمد ہونے پر کھلبلی مچ گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تہران سے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ جانے والی لفتانزا ایئر لائن کے طیارے کی لینڈنگ گیئر ایک شخص سے لاش ملی ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاش کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب پرواز ایل ایچ 601 میں سے تمام مسافر نکل گئے تھے اور جہاز کو صفائی و مرمت کے لیے ہینگر پر بھجوایا گیا۔

لفتانزا ایئر لائن اور جرمنی پولیس نے لاش کی موجودگی سے متعلق کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کیا ہے، واقعے کے بعد معروف ائیر لائن کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق ایل ایچ 601 کی پرواز جمعے کے لیے منسوخ کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ تہران سے جانے والی پرواز میں لاش کی موجودگی کا معاملہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران میں مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ملک گیر مظاہرے ہو رہے ہیں۔

بائیس سالہ کرد ایرانی خاتون مہسا امینی کو ایران کی پولیس نے حجاب درست طریقے سے نہ لینے پر حراست میں لیا تھا جس کے بعد ان پر تشدد ہونے اور پھر ہلاکت کی خبر آئی تھی۔

اس واقعے کے بعد سے ایران کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متعدد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔

کسی طیارے کے لینڈنگ گیئر سے انسانی لاش ملنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی اس نوعیت کے حادثات رپورٹ کیے جاچکے ہیں۔ ان واقعات میں معاشی طور پر کمزور اور جنگ زدہ ملکوں کے باشندے امریکا اور یورپی ممالک میں پناہ کے متلاشی ہوتے ہیں۔

گزشتہ برس بھی اس طرح کے الگ الگ دو واقعات منظر عام پر آئے تھے، اگست دو ہزار اکیس میں طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد عام افغان شہریوں کی بڑی تعداد کابل کے ہوائی اڈے پر کئی دن تک ہجوم کی شکل میں موجود رہی اور وہاں سے انخلا کے لیے سر توڑ کوششیں کرتے رہے۔

اس دوران ایسے مناظر بھی دیکھنے میں آئے جہاں افغان شہری امریکی فوجی جہازوں کے اڑان بھرنے سے پہلے ان کے ساتھ رن وے پر دوڑتے تھے اور کچھ افراد نے ان طیاروں کے ساتھ لٹکنے کی کوششوں کے دوران اپنی جانیں کھو دی تھیں۔