ٹوئٹر کا ایڈٹ بٹن متعارف کرانے کا اعلان

215

مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے صارفین کا دیرینہ مطالبہ جلد پورا ہونے والا ہے، اب ٹوئٹر صارفین ٹوئٹ کرنے کے بعد پوسٹ کو ایڈٹ بھی کرسکیں گے۔

ٹوئٹر نے میڈیا رپورٹس کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ رواں ماہ پوسٹ کو ترامیم کرنے کے لیے ’’ایڈٹ بٹن‘‘کا نیا فیچر متعارف کرا رہے ہیں ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ایڈٹ بٹن کی اندرونی طور پر آزمائش کے بعد ستمبر کے آخر تک یہ فیچر کمپنی کی پیڈ سروس ٹوئٹر بلیو کے سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگا۔

کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ مذکورہ سروس اس وقت آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور امریکا میں پیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے جہاں صارفین ٹوئٹ پوسٹ کرنے کے 30 منٹ کے اندر اسے ایڈٹ کرسکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق ایڈٹ کیے جانے والے ٹوئٹس ٹائم اسٹیمپ اور لیبل کے ساتھ نظر آئیں گے جس سے پڑھنے والوں کو معلوم ہوجائے گا کہ اوریجنل ٹوئٹ کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ یہ سب سے زیادہ ڈیمانڈنگ فیچر ہے اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ اسے تمام تر خدشات دور کرنے کے بعد ہی متعارف کیا جائے تاکہ عام صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ اس فیچر کو دنیا بھر کے عام صارفین کے لیے متعارف کروانے سے قبل اس فیچر کی ایک ملک میں آزمائش کی جائے گی۔ بعدازاں نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ردوبدل کے ساتھ دیگر ممالک میں اسے متعارف کرایا جائے گا۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے اس فیچر پر کام کرنے کے حوالے سے اپریل میں اعلان کیا گیا تھا تاہم فیس بک، انسٹاگرام اور متعدد دیگر پلیٹ فارمز میں اس طرح کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے۔