زرغون، مزنبند اور مشکے میں فوجی آپریشن

310

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستان فوج آپریشن کررہی ہے۔ جہاں گن شپ ہیلی کاپٹر سمیت کمانڈوز حصہ لے رہے ہیں۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواح میں زرغون و ملحقہ علاقوں میں آج صبح پاکستان فوج نے آپریشن کا آغاز کیا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق پانچ کے قریب گن شپ ہیلی کاپٹروں نے مختلف مقامات پر شیلنگ و بمباری کی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کئی گھنٹوں تک شیلنگ و بمباری جاری رہی جبکہ مختلف مقامات پر کمانڈوز بھی اتارے گئے۔

آپریشن کے باعث تاحال جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے اور نہ ہی حکام نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم کی ہے۔

مذکورہ علاقے میں دو روز قبل مسلح افراد نے زرغون گیس فیلڈ کی حفاظتی چوکیوں پر موجود فورسز اہلکاروں کو حملے میں نشانہ بنایا تھا اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ ترجمان جیئند بلوچ کہنا تھا کہ بلوچ وسائل کے استحصالی پروجیکٹس اور قابض فوج پر شدت کیساتھ ہمارے حملے جاری رہینگے۔

دریں اثناء ضلع کیچ میں تمپ و دشت کے درمیانی پہاڑی سلسلے مزن بند میں گذشتہ رات سے پاکستان فوج کی پیش قدمی کا آغاز ہوا جہاں آج صبح فوج کے پیدل دستے علاقے میں داخل ہوئے جبکہ انہیں ہیلی کاپٹروں کی کمک حاصل تھی۔

جبکہ آواران و مشکے جانے والی راستوں پر پاکستان فوج کیجانب سے ناکہ بندی کی گئی ہے۔ اسی طرح مشکے کے مختلف علاقوں میں فوج کی پیش قدمی دیکھنے میں آئی ہے تاحال کسی قسم کی گرفتاری یا جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوسکی ہے۔