ہرنائی: فورسز کا مظاہرین پر فائرنگ، ایک شخص جانبحق، متعدد زخمی

266
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں پاکستانی فورسز نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل جبکہ بچوں سمیت متعدد افراد کو زخمی کردیا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق گذشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے بیک وقت پاکستان فوج کے کیمپ اور فوجی قافلے پر حملہ کیا جس کے بعد فورسز نے عام آبادی پر فائرنگ کی جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کیخلاف علاقہ مکینوں نے آج کیمپ کے سامنے احتجاج کیا جس پر فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل جبکہ متعدد کو زخمی کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل فوٹیج میں زخمی ہونے والے افراد کو دیکھا جاسکتا ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ان ویڈیوز میں شدید فائرنگ کی آواز بھی سنی جاسکتی ہے۔ متاثرین میں موجود افراد کا کہنا ہے کہ فورسز نے فائرنگ کیساتھ مارٹر گولے بھی فائر کیے۔

پشتون رہنماء واقعے کی شدید مذمت کررہے ہیں۔ محسن داوڈ نے واقعہ کے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر لکھا ہے کہ ہرنائی بلوچستان میں مظاہرین پر فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں اے این پی کا رکن خالقداد جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ یہ واقعات ہوتے رہتے ہیں کیونکہ مجرموں کے لیے کوئی قانونی نتیجہ نہیں ہوتا۔

فورسز کی فائرنگ سے قتل ہونے والے شخص کی شناخت خالق داد کے نام سے ہوئی ہے جس کے بارے میں بتایا جارہا ہے اس کا تعلق سیاسی پارٹی عوامی نیشنل پارٹی سے ہے۔

خیال رہے کہ ہرنائی کھوسٹ میں پاکستان فوج کے مرکزی کیمپ و انکی مدد کیلئے آنے والے اہلکاروں کے گاڑِیوں کے قافلے کو گذشتہ رات شدید نوعیت کے حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کیجانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب فورسز کے پوسٹ پر حملہ کیا بعدازاں فورسز کے گشتی ٹیم اور حملہ آوروں کے درمیان بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں میجر عمر زخمی جبکہ سپاہی قیوم اور عاطف ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ دیگر سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں میجر سمیت دس اہلکار زخمی و کم سے کم دو اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔