تربت: جبری گمشدگیوں کیخلاف احتجاجی کیمپ قائم

201

کوئٹہ دھرنے پر موجود لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے سول سوسائٹی تربت کی جانب سے ایک روزہ احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا۔

سول سوسائٹی کی جانب سے شہید فدا چوک پر احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں سول سوسائٹی کے ارکان سمیت علاقہ مکینوں نے شرکت کی، شرکاء نے کوئٹہ دھرنے کی مطالبات کی منظوری و لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

تربت دھرنے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک ماہ سے زائد دنوں سے لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے مطالبات کے حق میں حکمرانوں کے در پر بیٹھے ہوئے ہیں دھرنے میں شریک لاپتہ افراد کے لواحقین شدید بیماری و دیگر مشکلات کے شکار ہونے کی باجود اپنا دھرنا قائم کئے ہوئے ہیں تاہم ایک ماہ کا عرصہ گزرنے کے باجود کوئی کاروائی عمل میں نہیں آسکی ہے-

شرکاء نے بتایا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو مختلف حربوں سے احتجاج ختم کرنے اور واپس گھروں کو لوٹنے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے جس کے خلاف سول سوسائٹی احتجاجی کیمپ قائم کرکے لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کررہی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کریں تو لواحقین اپنا احتجاج ختم کرکے گھروں کو جائینگے-

تربت سول سوسائٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ انسانی المیہ ہے جو سالوں سے یہاں جاری ہے سول سوسائٹی تربت جبری گمشدگیوں کے خلاف اپنا احتجاج ہمیشہ ریکارڈ کراتی رہی ہے-

شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ حکمران اور ایوانوں میں بیٹھے قوم پرست اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے لواحقین کے مطالبات پر فوری عمل درآمد کرے بصورت دیگر سول سوسائٹی و تربت کے عوام اپنے احتجاج میں مزید شدت لائینگے-