بلوچستان: ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، کئی افراد جانبحق و متاثر

213

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے بعد ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی ہے، جس کے باعث کیچ، پنجگور اور خضدار سمیت مختلف علاقوں میں کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

تربت کے نواحی علاقہ گوگدان میں آج ایک بچی سمیت تین افراد وفات پاگئے، علاقائی ذرائع کے مطابق گوگدان میں گیسٹرو اور وبا پھیلنے سے آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ متاثر ہے جبکہ گیسٹرو کے حوالے سے اخبارات اور سوشل میڈیا پر خبریں بھی سامنے آئی تھیں تاہم محکمہ صحت کی طرف سے تاحال اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب خضدار کے تحصیل وڈھ سے بھی اطلاعات ہیں کہ حالیہ بارشوں کے بعد سب تحصیل آڑینجی کے کئی علاقے زانبری، جلاب، نلی، ٹیبی، بوہر، ماس، کشاری، سیلوڈن، کھوروی، سونارو، باسنکانی سمیت دیگر علاقے گیسٹرو و ڈائریا سمیت دیگر بیماروں کی لپیٹ میں ہیں۔

آڑینجی میں بچی سمیت چار خاتون جانبحق ہوئے ہیں۔واقعہ کے بعد متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی میڈیکل ٹیم روانہ کی گئی تھی لیکن وباء کی شدت علاقے میں موجود ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجگور میں گیسٹرو اور وبا پھیلنے سے چار بچے جانبحق جبکہ کئی افراد متاثر ہوئے ہیں۔