بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 1061 ہوگئی

164

پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب اور بارشوں کے باعث 24 گھنٹوں میں مزید 28 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 48 افراد زخمی ہوئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات کے پی میں 16 رپورٹ ہوئی، سندھ اور گلگت بلتستان میں2، 2 بلوچستان اور آزاد کشمیر میں 4، 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 1061 ہوگئی، اب تک سب سے زیادہ اموات سندھ میں 349 ہوئی ہیں، جاں بحق افراد میں 359 بچے، مرد 470 اور 210 خواتین شامل ہیں۔

سیلاب اور بارشوں اب تک 1575 افراد زخمی ہوچکے ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 13 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، ملک بھر میں اب تک 9 لاکھ 92 ہزار871 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے مزید 7 ہزار 586 مویشی ہلاک ہوئے، اب تک 7 لاکھ 27 ہزار 144 مویشی مر چکے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 پلوں کو نقصان ہوا، بارشوں اور سیلاب کے دوران اب تک 157 پل متاثر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ کی آخری ڈیفنس لائن سپریو بند میں 30 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا ہے، جس کی وجہ 100 سے زائد دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیے حکومت سندھ نے جوہی کنال میں شگاف ڈال دیا ہے، سیلاب جوہی شہر سمیت 60 دیہات کو متاثر کرے گا۔

سانگھڑ کے قریب سیم نالے کا شگاف پر نہ کیا جاسکا، پانی سانگھڑ شہر کی جانب بڑھنے لگا اور کئی دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔