پنجگور : طوفانی سے دو افراد جانبحق، تین لاپتہ

540
فائل فوٹو

بلوچستان میں بارش و سیلابوں کا سلسلہ جاری ہے ، شدید بارشوں سے مزید دو افراد جانبحق جبکہ تین لاپتہ ہوگئے ہیں۔

آج بروز پیر بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سیلابی ریلہ پانچ افراد کو بہا کر اپنے ساتھ لے گیا ، دوران تلاش دو افراد کی لاشیں مل گئی جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پیر کے روز دوپہر کو گہرے بادلوں نے پنجگور کی فضاءکو اپنی لپیٹ میں لے لیا دیکھتے ہی دیکھتے مون سون کی سب سے خطرناک اور تیز ترین بارش ریکارڈ کی گئی۔

شدید طوفانی بارشوں کے بعد دریائے رخشان، دریائے نیوان، پسکول زراپوک سمیت دیگر دریاؤں اور ندی نالوں میں تغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

پنجگور میں شدید طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سینکڑوں کچے مکانات اور دیواریں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ پنجگور میں گذشتہ ہفتے شدید بارشوں اور نقصانات کے باعث حکومت بلوچستان نے علاقے کو آفت زدہ قرار دیا تھا۔

پنجگور کے عوامی حلقوں نے شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات اور خطروں کے پیش نظر حکومت سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔