مالک ترین کی بطور وائس چانسلر تعیناتی، پنجگور یونیورسٹی کی تالہ بندی

367

جامعہ مکران میں وائس چانسلر کی تعیناتی کا معمہ حل نہیں ہوسکا، طلباء کا احتجاج جاری ہے-

ملران یونیورسٹی پنجگور کیمپس میں نئے وائس چانسلر تعیناتی معاملے پر طلباء کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین نے یونیورسٹی کی تالابندی اور گیٹ کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کردی۔ طلباء کا مطالبہ ہے کہ نئی تعینات کی گئی مالک ترین کی بحیثیت وائس چانسلر مکران یونیورسٹی میں ہرگز قبول نہیں-

مظاہرین کا کہنا تھا کہ عدالت وی سی کے اسٹے آرڈر پر نظرثانی کرے عبدالمالک ترین کی بطور وی سی تعیناتی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے ہم اپنے ادارے کو ایک ایسے شخص کے حوالے نہیں کرسکتے جس کی ساکھ اور شہرت متنازعہ ہو۔

طلباء کا کہنا تھا کہ مذکورہ وائس چانسلر کو یونیورسٹی آف لورالائی میں غیر تسلی بخش کارکردگی کی بنیاد پر 6 اکتوبر 2021 کو یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر کے عہدے سے اس بنیاد پر ہٹایا گیا کہ اس شخص کی کارکردگی غیرتسلی بخش ہے یہ اقدام مذکورہ شخص کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ اب اسی نااہل متنازع شخص کو پنجگور کے طلباء پر مسلط کیا جارہا ہے-

مظاہرین نے کہا کہ متنازع وائس چانسلر کی یونیورسٹی آف مکران میں تعیناتی کسی بھی صورت ناقابل قبول ہے کیونکہ اس ادارے کے قیام میں یہاں کہ عوام، تعلیم یافتہ طبقہ اور عوامی نمائندے نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اس لیے ہم اس ادارے میں کسی ایسے شخص کی تعیناتی کو قبول نہیں کرسکتے جس کا کردار پہلے ہی سے داغدار ہو جو پہلے ہی سے متعدد بار بلوچ طالب علموں کو ہراساں کرچکا ہو-

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے ہماری تعلیم اہم ہے مگر ہمیں مجبور کیا جارہا ہے کہ روڈوں پر آکر احتجاج کریں۔