دکی: کوئلہ کان میں گیس بھرنے سے کانکن جانبحق، ایک بے ہوش

310

دکی مقامی کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے ایک کانکن جان بحق جبکہ ایک بے ہوش ہوگیا-

ہسپتال ذرائع کے مطابق زہریلی گیس کے باعث جانبحق ہونیوالے کانکن کی شناخت شاہ محمد ولد ملا فضل محمد سکنہ افغانستان کے نام سے ہوگئی ہے اور بے ہوش کانکن کو سول ہسپتال دکی منتقل کردیا گیا جہاں پر ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

یاد رہے بلوچستان میں اکثر اوقات کوئلہ کانوں میں حادثے پیش آتے رہے ہیں رواں سال12 کے قریب کانکن حادثوں میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ ماہ مختلف کانوں میں حادثوں کی صورت میں 6 سے زائد مزدور زخمی ہوگئے تھے-

مزدور تنظیمیں کوئلہ کانوں میں ان حادثوں کو سہولیات کی عدم موجودگی اور غیر معیاری آلات کو وجہ قرار دیتے ہیں جبکہ ان حادثات کا شکار ہونے والے اکثر مزدوروں کا تعلق افغانستان و مقامی علاقوں سے ہوتا ہے-

تنظیموں نے شکایت کی ہے کہ کوئلہ کانوں میں حادثوں کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ انتظامیہ اور کان مالکان کی جانب سے ان حادثوں کو روکنے کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جاسکے ہیں اور مزدور حادثوں کی صورت میں اپنے مدد آپ پر مجبور ہیں-