بلاول بھٹو لاپتہ افراد کی بازیابی میں کردار ادا کریں: سعیدہ حمید

265

بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کا کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ 19ویں روز میں داخل ہو گیا۔

کراچی احتجاج پر بیٹھے لواحقین میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے لاپتہ ہونے والے عبدالحمید زہری، کراچی کے علاقے ماڑی پور سے لاپتہ کئے گئے محمد عمران، لیاری سے لاپتہ شوکت بلوچ اور رئیس گوٹھ کراچی سے جبری گمشدگی کے شکار ہونے والے نوربخش ولد حبیب کے لواحقین شامل ہیں-

لواحقین نے اپنے پیاروں کی عدم بازیابی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور سندھ سمیت وفاقی حکومت سے تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

کراچی سے جبری گمشدگی کا شکار عبدالحمید زہری کی بیٹی سعیدہ حمید نے پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو سے سندھ میں بلوچوں کی جبری گمشدگیوں کے خلاف پر اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کی معاونت سے فورسز بے گناہ افراد کو لاپتہ کرنے میں مصروف ہیں۔

احتجاجی کیمپ میں لاپتہ عبدلحمید کے اہلیہ فاطمہ حمید بیٹی سعیدہ حمید اور دیگر لاپتہ افراد کے لواحقین شریک ہوئے-

سعیدہ حمید کا کہنا تھا کہ کراچی سے بلوچوں کی جبری گمشدگیوں کے اس عمل میں سندھ حکومت کو وفاقی اداروں کی سرپرستی حاصل ہے۔

سعیدہ حمید نے کراچی سے سیکورٹی اداروں کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار اپنے والد عبدالحمید زہری سمیت دیگر لاپتہ افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا سعیدہ حمید کا کہنا ہے کہ اگر کسی کے خلاف کوئی جرم کے شواہد موجود ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

کراچی احتجاج پر بیٹھے لواحقین کا مطالبہ ہے کہ سندھ حکومت ان کے پیارے کو لوٹا دیں اگر ان پر کوئی الزام ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے-